امتحان کے تین مراحل
پہلے مرحلہ وہ ہے جس دوران ہم امتحان کی تیاری میں مصروف ہوتے ہیں۔ اس میں ضروری ہے کہ ہماری فکری صلاحیتوں کو جِلا ملے اور ہم کم سے کم وقت میں بہتر سے بہتر تیاری کر سکیں۔
اس دوران مرکز " م " Third Eye Chakra کو جِلا بخشنے کیلئے رات سوتے وقت جامنی رنگ کا ریشمی دھاگہ سر سے پاؤں تک ناپ کر کاٹ لیں۔ اِسی طرح چھ مزید ناپ کر کاٹ لیں۔ ساتوں دھاگے طے کرکے چھوٹے حجم میں لے آئیں اور اَندازاً ایک منٹ مرکز م یعنی ماتھے پر آئی برو کے درمیان مَس رکھیں۔ پھر دھاگے تکیئے کے نیچے رکھکر سو جائیں۔ صبح بیدار ہوتے ہی پہلا کام یہ کریں کہ اِنھیں چولھے پر ڈال کر جلا دیں۔ یہ عمل مُسلسل سات روز کریں۔
دوسرا مرحلہ وہ ہے جب ھم امتحان دینے جائیں گے۔ اس وقت لازم ہے کہ ہمار اندر سکون و اطمینان کی کیفیت پیدا کرنے والی لہروں میں اضافہ ہو۔ اس کیلئے مرکز " ج " Heart Chakra کو جِلا بخشنے کیلئے رات سوتے وقت سبز رنگ کا ریشمی دھاگہ لیں۔ اور مندرجہ بالا عمل دھرائیں۔ فرق صرف یہ کریں کہ دھاگے مرکز ج یعنی سینے کے مقام پر مَس کریں۔ اور یہ عمل صرف ہر اُس رات کریں جس کے اگلے دن امتحان دینے جانا ہو۔
تیسرا مرحلہ وہ ہے جب ہم امتحان دیکر فارغ ہو جاتے ہیں۔ اس مرحلے میں ہمیں دو چیزوں کی ضرورت ہے۔ ایک یہ کہ ہم ہر قسم کے نتائج کیلئے پُرجوش رہیں۔ اس کیلئے امتحان کے آخری دن رات سوتے وقت مرکز " و " Sacral Chakra کو جِلا بخشنے کیلئے نارنجی رنگ کا ریشمی دھاگہ لیں اور مندرجہ بالا عمل دھرائیں اُسی فرق کے ساتھ کہ اس میں دھاگے مرکز و یعنی ناف سے نیچے مقام پر مَس کریں گے۔ یہ عمل پہلے عمل کی طرح مُسلسل سات روز کریں۔
اس مرحلے میں دوسری ضرورت یہ ہے کہ امتحان دینے میں یقیناً کچھ غلطیاں و کوتاہیاں بھی ہو جاتی ہیں۔ اور مزید یہ کہ کاپی چیک کرنے والوں کا رویّہ بھی نتائج پر اَثر انداز ہو جاتا ہے۔ ان سب معاملات سے نتائج کو محفوظ بنانے اور اِن پر پردہ ڈالنے کیلئے جس کے ہاتھ میں یہ سارا نظامِ قدرت ہے اُس رَبُ العِزت کو مطلوبہ اَسماء سے پکارا جائے۔
اس کیلئے فجر کی نماز یا کوئی ایک نماز مقرر کر لیں۔ اُس نماز کے بعد اول و آخر دو دو بار درود شریف کے ساتھ ایک سو چار مرتبہ یاعزیزُالغَفُور پکاریں۔ دھیمی آواز کے ساتھ تاکہ خود کو سُنائی دے لہجے و کیفیت میں پکار محسوس ہو۔ یہ عمل اکیس روز کریں۔